اسلام آباد کو پورے ملک کیلئے  ماڈل سٹی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، احسن بختاوری

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ بطور وفاقی دار الحکومت اسلام آباد ہم سب کا شہر ہے۔ ہم اس کو پورے ملک کیلئے  ماڈل سٹی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ تاجر برادری اس شہر کی سب سے بڑی سٹیک ہولڈر ہے ،شہر کی خوبصورتی ،صفائی اور سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر نے کے موقع پر کیا۔ایم او یو پر آئی سی سی آئی کی جانب سے صدر احسن ظفر بختاوری اور سی ڈی اے کی جانب سے ڈائریکٹر سینی ٹیشن  معشوق علی شیخ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مختلف مارکیٹوں کے نئے بنائے گئے واش رومز کے آپریشن، انتظام، دیکھ بھال اور  حفظان صحت کا معیار برقرار رکھنے کی ذمہ داری لے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واش رومز کے استعمال کے لیے لی جانے والی معمولی فیس ان واش رومز کی اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال کے لیے خرچ کی جائے گی۔ آئی سی سی آئی عملے کی تعیناتی کو بھی یقینی بنائے گا۔ صدر آئی سی سی آئی نے مزید کہا کہ چیمبر اپنی مدد آپ کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی بنائے گا اور شہر کی اپ گریڈیشن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔اسلام آباد چیمبر اور سی ڈی اے کے در میان مفاہمتی یادشت پر دستخط کی تقریب میں  سی ڈی اے کے اعلی افسران ،سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری ، اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبر، چوہدری نثار علی خان ،خالد چوہدری اور ضیاء￿  چوہدری سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن