امریکی مسلط کردہ جنگ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے، حکمران نااہلی تسلیم کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔ عمران خاں

لاہورمیں ریل مزدوراتحاد کے ورکروں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہیلری کلنٹن کے دورے کے بعد شمالی وزیرستان میں آپریشن افسوسناک ہے، حکمران امریکی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، ان سے اب مزید تعاون خودکشی کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی امداد نے ہمیں مالی اور جانی طور پر بہت نقصان پہنچایا ہے۔ یہی پالیسی جاری رہی تو فوج میں بغاوت ہوسکتی ہے، موجودہ حالات ملک اور فوج کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھاکہ چیف آف آرمی سٹاف کو امریکہ سے بات چیت کا کوئی اختیارنہیں۔
انصاف لیبر فیڈریشن کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف مزدوروں سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے کینسر ہسپتال میں سترفیصد غریب لوگوں کا مفت علاج ہوتا ہے، اس موقع پر ریل مزدوراتحاد کے ورکروں نے تیس جون کو ورکرز کنونشن منعقد کرنے کا اعلان کیا۔

ای پیپر دی نیشن