ایم کیو ایم کا وفاق اور سندھ میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ

کراچی (وقت نیوز) ایم کیو ایم نے وفاق اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم کی پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم آج ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ لے گی۔ فیصلے کے مطابق سینئر رکن اسمبلی سید سردار احمد ایم کیو ایم کی طرف سے سندھ میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ فیصل سبزواری سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور خواجہ اظہار الحسن ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔ قومی اسمبلی میں ڈاکٹر فاروق ستار پارلیمانی لیڈر اور رشید گوڈیل ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔ ادھر ایم کیو ایم کی طرف سے 11 سال بعد اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد کے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ عشرت العباد جلد صدر زرداری کو استعفیٰ بھجوا دیں گے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ قائد متحدہ الطاف حسین کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن