خیبر پی کے: سندھ کے ارکان کی حلف برداری ‘ سپیکر ‘ ڈپٹی کا انتخاب آج ہو گا‘ سندھ میں وزیراعلیٰ بھی آج ہی منتخب ہوگا

کراچی + پشاور (وقائع نگار + ایجنسیاں) سندھ اور خیبر پی کے اسمبلی کے منتخب ارکان نے افتتاحی اجلاس میں حلف اٹھا لیا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے انتخاب آج ہو گا، سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کو بھی آج ہی منتخب کر لیا جائیگا، پیپلز پارٹی نے قائم علی شاہ کو قائد ایوان، آغا سراج درانی کو سپیکر، شہلا رضا کو ڈپٹی سپیکر کے عہدوں کیلئے نامزد کیا ہے۔ ایم کیو ایم نے بھی سندھ اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپیکر کیلئے خواجہ اظہار الحسن ڈپٹی کیلئے اسماعیل سوہوے، مسلم لیگ ن کے رکن عرفان اللہ مروت نے سپیکر اور فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی نے ڈپٹی سپیکر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، سندھ میں قائم علی شاہ تیسری مرتبہ وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے والے دوسرے وزیراعلی ہوں گے۔ سندھ اسمبلی میں سپیکر نثار احمد کھوڑو نے ارکان سے حلف لیا۔ کچھ ارکان نے اردو میں جبکہ اکثریتی پیپلز پارٹی کے نومنتخب ارکان نے سندھی زبان میں حلف لیا۔ گھوٹکی سے پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن سردار محمد بخش خان مہر اور کراچی سے مسلم لیگ (ن) کے عرفان اللہ خان مروت نے انگریزی میں حلف لیا۔ پیپلز پارٹی، متحدہ، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکن نعرے بازی کرتے رہے۔ آج صبح سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہوگا۔ بدھ کے روز 154 نومنتخب ارکان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ الیکشن کمشن نے سندھ اسمبلی کے 168 کے ایوان میں 158 ارکان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی خواتین کے لئے مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکن ڈاکٹر سیما ضیاءاجلاس سے غیر حاضر تھی۔ پیپلز پارٹی کی خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکن شگفتہ جمانی نے سندھ اسمبلی نشست چھوڑ دی ہے۔ 154 ارکان میں سے پیپلز پارٹی کے 87، ایم کیو ایم کے 48، مسلم لیگ (ن) کے 9، فنکشنل کے 10 اور تحریک انصاف کے 4 ارکان ہیں۔ علاوہ ازیں اسمبلی کے پہلے اجلاس میں اسمبلی بلڈنگ کے اندر اور باہر بہت زیادہ رش تھا۔ اسمبلی بلڈنگ کی اطراف تمام شاہراہوں پر گھنٹوں زبردست ٹریفک جام رہا۔ کئی نو منتخب ارکان اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل ہی اسمبلی کی جانب چل پڑے۔ نومنتخب ارکان نے اپنے کارکنوں، اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو اسمبلی پاس جاری کرا دئیے تھے۔ سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس ختم ہونے کے بعد تمام وزیٹرز پاس منسوخ کر دئیے ہیں۔ خیبر پی کے اسمبلی میں 121 نومنتخب ارکان سے اسمبلی کے سپیکر کرامت اللہ چغرمٹی نے اردو میں حلف لیا، تحریک انصاف نے خیبر پی کے اسمبلی کیلئے اسد قیصرکو سپیکر اور امتیاز قریشی کو ڈپٹی سپیکر نامزد کردیا ہے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکا انتخاب (آج) جمعرات کو ہوگا۔ خیبر پی کے اسمبلی کے پہلے اجلاس میں سابق وزیراعلی اور اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد پارلیمانی لیڈر سردار مہتاب احمد عباسی نے حلف نہیں اٹھایا۔ خیبر پی کے میں نئے وزیراعلی کل جمعہ کو شام 4 بجے تک اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں ہو گی۔ تحریک انصاف نے پرویز خٹک کو وزیراعلی خیبر پی کے نامزد کیا ہے۔ حلف برداری کے بعد مختصر خطاب میں پرویز خٹک نے اقتدار سنبھالنے کے بعد صوبے سے کرپشن‘ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے جامع اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن نے صوبے کا نظام تباہ کردیا ہے اس لعنت کا صوبے سے خاتمہ کرینگے۔ ہسپتالوں میں غریبوں کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی‘ صوبے میں فوری طور پر پہلا برن یونٹ بنایا جائے گا۔ ماضی میں کرپشن اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے صوبے کے عوام کو شدید مسائل کا سامنا رہا ہے۔گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس یکم جون کو طلب کر لیا ہے۔اے پی پی کے مطابق خیبر پی کے اسمبلی میں ارکان کی حلف برداری کے بعد قومی اسمبلی کی دو نشستیں خالی ہو گئیں۔ دو سابق وزرائے اعلیٰ امیر حیدر ہوتی اور اکرم درانی نے حلف نہیں اٹھایا جبکہ نامزد وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور نامزد سپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کی نشستیں خالی کر دی ہیں۔ صوبائی اسمبلی میں جے یو آئی نے منور خان ایڈووکیٹ اور مسلم لیگ نے اکرم حیات خان کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...