اسلام آباد + واشنگٹن (آئی این پی + آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) امریکہ جلد پاکستان میں اقتدار سنبھالنے والی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ساتھ عملی روابط استوار کرنے کا خواہشمند ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نوازشریف کے حلف اٹھانے کے فوراً بعد اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ امریکہ کے افغانستان اور پاکستان کے لئے خصوصی مندوب جیمز ڈوبنز بھی جلد اسلام آباد کا دورہ کریں گے،جیمز ڈوبنز اپنے دورے کے دوران افغانستان میں قیامِ امن اور مصالحت سے متعلق دوطرفہ مسائل اور معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی مندوب جیمز ڈوبنز کی پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ ملاقات اوباما انتظامیہ کے کسی سینئر اہلکار کی پہلی براہ راست اور باضابطہ ملاقات ہو گی۔ امریکہ کی پالیسی یہ ہے کہ وہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات کی راہ ہموار کرے۔ ذرائع کے مطابق جان کیری اپنے دورے میں نوازشریف کو صدر اوباما کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔ دورے کے دوران جان کیری پاک امریکہ تعلقات اور طالبان سے مصالحت پر بات کریں گے۔ پاکستانی حکام سے اہم ملاقات بھی کریں گے۔ دورے کی تاریخ کا تعین کرنے کے لئے دفتر خارجہ ارو امریکی حکام کے درمیان رابطے جاری ہیں۔
امریکہ / مسلم لیگ ن