واشنگٹن (اے پی اے) عالمی مالیاتی فنڈ مشن کے چیف جیفری فرینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے نئے قرضے یا امدادی پروگرام کیلئے کوئی باقاعدہ درخواست نہیں کی گئی۔ پاکستانی وفد کی واشنگٹن میں گذشتہ ہفتے عالمی بنک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے سالانہ سپرنگ میٹنگز کے موقع پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے بعد ایک بیان میں آئی ایم ایف مشن کے چیف جیفری فرینک نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو مشکلات میں گھری معیشت کو سہارا دینے کیلئے ٹھوس اور بروقت اقدامات اور درست پالیسیز اپنانا چاہئیں۔ پاکستانی معیشت کو مشکل ترین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی کی ضرورت ہے۔ آئی ایم ایف چیف نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات نتیجہ خیز رہے تاہم پاکستانی اعلیٰ حکام کی جانب سے امدادی پروگرام کیلئے کوئی باضابطہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔