عراق، کویت جنگ کے متاثرین کو کلیم ادائیگی کیلئے او پی ایف سے رجوع کی ہدایت

May 30, 2014

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں عراق کویت جنگ کے متاثرین کو کلیم کی ادائیگیوں سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے واجبات کی حصولی کے لئے متاثرین کو او پی ایف سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن سے ایک ہفتے کے اندر کلیموں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کو متاثرین کی جانب سے بتایا گیا اقوام متحدہ کی جانب سے متاثرین کے واجبات کے سلسلے میں ایک لاکھ ڈالر کی رقم او پی ایف کو فراہم کی گئی ہے جو ابھی تک متاثرین کو ادا نہیں کی گئی حالانکہ دنیا کے دیگر ممالک میں متاثرین کو تمام واجبات ادا کئے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جب وہ او پی ایف کے دفتر جاتے ہیں تو ان کو دھکے دے کر نکال دیا جاتا ہے۔ عدالت کے استفسار پر او پی ایف کے قانونی مشیر عرفان فاروق اور وکیل حسن زیب نے کہا جن کے کلیم مکمل تھے ان میں سے 19 کو رقم دے دی گئی ہے 2 افراد نے لینے سے انکار کیا۔ متاثرہ افتخار نے کہا اسے 2990 ڈالرز دیئے جارہے ہیں جبکہ اس کا کلیم ایک لاکھ پچیس ہزار ڈالرز کا ہے۔ عدالت نے مزید سماعت 17 جون تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں