معمولی سزا پر کسی سرکاری افسر کی ترقی نہیں روکی جاسکتی: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے قرار دیا ہے معمولی سزا پر کسی سرکاری افسر کی ترقی کو نہیں روکا جا سکتا، عدالت نے ترقی کے لئے نظر انداز کئے گئے پولیس انسپکٹروں کے کیس پر دیا حکم امتناعی ختم کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار انسپکٹر ملک عدنان نے مؤقف اختیار کیا محکمہ نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر معمولی سزائیں سنائیں مگر اعلی پولیس افسران نے سینئر ہونے کے باوجود محکمانہ ترقی کی فہرست میں نام شامل نہیں کیا جو امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری داخلہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا محکمہ پولیس نظر انداز کئے گئے پولیس انسپکٹروں کے نام محکمانہ ترقی کے لئے بھجوانے کا خواہش مند ہے مگر عدالتی حکم امتناعی کی وجہ سے ایک سو ساٹھ انسپکٹروں کا نام نہیں بھجوایا گیا۔کیس کی مزید سماعت سولہ جون تک ملتوی کردی گئی۔

ای پیپر دی نیشن