باجوڑایجنسی ( آئی این پی ) باجوڑ ایجنسی کے سلارزئی قبائل کا گرینڈ جرگہ ہوا جس میں حکومت کیساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ کسی عسکریت پسند کو پناہ نہیں دی جائیگی۔ سلارزئی قبائل نے کہا کہ سلارزئی قبائل نے ہمیشہ ملک کا دفاع کیا ہے اور آئندہ کیلئے بھی کسی قسم کے قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر باجوڑ ایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ سید عبد الجبار شاہ، کمانڈنٹ باجوڑ سکائوٹس کرنل میر آمیر علی، اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ خار سہیل احمد خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ جرگے میں سلارزئی قبائل کے مشران ملک یونس، انور زیب خان، نظام الدین خان، ملک حفظ الرحمن، ملک عبدالناصر اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگہ سے خطا ب کرتے ہوئے باجوڑایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ سید عبد الجبار شاہ، کمانڈنٹ باجوڑسکاوٹس کرنل میر آمیر علی نے کہاکہ سلارزی قبائل نے اپنے علاقے میں حکومتی عملداری اور امن کی بحالی کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ انتہائی قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے سلارزئی قبائل سے کہا کہ وہ اپنے علاقے میں امن خراب کر نے والے عناصر پر کھڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ سلارزی قبائل نے اپنے علاقوں میں مشتبہ افراد کو پناہ دینے پر پہلے ہی سے پابندی لگادی ہے اور اگر کوئی شخص مشتبہ افرادکو پناہ دینے میں ملوث پایا گیا تو انکے خلاف قبائلی روایات کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
باجوڑ ایجنسی میں سلارزئی قبائل کا جرگہ حکومت سے تعاون جاری رکھنے عسکریت پسندوں کو پناہ نہ دینے کا فیصلہ
May 30, 2014