نئی دہلی ائرپورٹ پر تابکار مادے کا اخراج دو افراد طبی معائنے کیلئے ہسپتال منتقل

May 30, 2015

نئی دہلی (بی بی سی اردو) نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر تابکار مادے کے اخراج کے بعد اطلاعات کے مطابق دو افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بھارتی وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعہ کو تابکار مادہ خارج ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’لیکج پر قابو پا لیا گیا ہے۔‘ اے ایف پی کے مطابق خارج ہونے والا تابکار مادہ جوہری دوائیوں کے ایک کھیپ کا حصہ تھا جو ٹرکش ایئرلائنز کی پرواز سے دہلی پہنچی تھی اور اس کی منزل شہر کا ایک نجی ہسپتال تھی۔ بھارت کی نیشنل ڈیزاسٹر فورس کے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس کھیپ میں شامل چار کارٹنز میں سے ایک ٹوٹا ہوا پایا گیا۔ فورس کے ایک اہلکار نے کہا کہ متاثرہ کارٹن کو الگ کر دیا گیا ہے اور جوہری ماہرین موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہوائی اڈے کے کارگو سیکشن میں کام کرنے والے دو کارکنوں کو احتیاطی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بھارت میں جوہری توانائی کے منتظم ادارے اے ای آر بی کے نائب چیئرمین آر بھٹاچاریہ نے بتایا یہ تابکاری کے اخراج کا ایک محدود واقعہ تھا اور جس تابکار مادے کا اخراج ہوا وہ سوڈیم آیوڈائیڈ 131 تھا جو گلے کے غدود کے کینسر کے علاج میں استعمال ہوتا ہے۔

مزیدخبریں