لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک سے ”سٹیٹس کو“ صرف جماعت اسلامی ہی ختم کر سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں، اسلامی و فلاحی پاکستان کی منزل اب زیادہ دور نہیں، عوام سٹیٹس کو کی حامی اور سیکولر قوتوں کو 68سال سے آزما رہے ہیں لیکن ملک کے حالات سدھرنے کے بجائے دن بدن ابتر ہوتے جارہے ہیں۔ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ ڈسکہ اور ماڈل ٹاﺅن جیسے واقعات اس ملک میں آئے روز پیش آتے ہیں، درجنوں لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے مگر ان کی ایف آئی آر درج کروانے کیلئے بھی دھرنا دینا اور مارچ کرنا پڑتا ہے، ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات میں عوام لیٹروں کو کندھوں پر بٹھانے اور زندہ باد کے نعرے لگانے کے بجائے ملک میں نظام مصطفے ٰ کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ اسلام دشمن قوتیں اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روکنے کیلئے مسلم ممالک میں حقیقی قیادت کا راستہ روک رہی ہیں، اسلام کو بدنام اور ایک ظالم و جابر نظام ثابت کرنے کیلئے وہ میڈیا کے ذریعے گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سر کاٹنے اور ہاتھ پاﺅں کاٹنے کا واویلا کرکے وہ دنیا کو اسلام سے متنفر کر رہے ہیں تاکہ بدامنی کا شکار دنیا کوامن کے نظام سے دور رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب ظالمانہ سزاﺅں کا شور مچا کر اسلام کو ایک ظالم مذہب ثابت کرنا چاہتا ہے مگر اس کے باوجود روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ اسلام قبول کرکے گمراہی سے نکل کر اسلام کی روشنی میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سراسر امن و محبت اور اخوت کا دین ہے جس میں تمام انسانوں کیلئے بھلائی ہی بھلائی ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں اور ہر کارکن کم از کم ایک سو نئے ووٹر بنائے تاکہ آئندہ انتخابات میں بہت بڑی تبدیلی کے ذریعے ملک پر مسلط استحصالی نظام کا بوریا بستر گول کیا جاسکے۔
سراج الحق