ریاض (اے پی پی) سعودی عرب میں قرآن کریم کی طباعت و اشاعت کے سرکاری ادارے’’شاہ فہد انسٹیٹیوٹ برائے طباعت قرآن‘‘ کی جانب سے ماہ رجب میں قرآن پاک کے ڈیڑھ ملین سے زیادہ نسخے تقسیم کئے گئے ہیں۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق نسخ خیراتی قرآن پاک کے 15 لاکھ 98 ہزار 198 اداروں، دوسرے ممالک کے سفارتخانوں، مقامی این جی اوز ، سعودی عرب کے بیرون ملک سفارتخانوں، قونصل خانوں اور سرکاری اداروں میں تقسیم کئے گئے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ تقسیم کردہ قرآن پاک کے نسخوں میں 15 لاکھ 33 ہزار 740 قرآن پاک کے مکمل نسخے، 60 ہزار 60 پارے، مختلف معروف قراء کی آواز میں ریکارڈ تلاوت، کلام پاک کی 2000 سی ڈیز، 42 ہزار 999 غیرملکی زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم اور 13 ہزار 999 دینی کتب شامل ہیں۔ دوسری طرف سعودی اخبار الریاض کے مطابق ماہ صیام کے قریب آتے ہی کتب خانوں میں قرآن پاک کے نسخوں کی خریداری میں 60 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ عام کتب خانوں کے علاوہ آن لائن خریداری میں بھی ماہ صیام کے قریب قرآن پاک اور دینی کتب کی خریداری کی شرح بڑھ جاتی ہے۔ عموماً آن لائن قرآن پاک کے نسخوں کی قیمت 50 سے 100 ریال کے درمیان ہوتی ہے۔
سعودی عرب/ قرآن پاک
سعودی عرب: قرآن کریم کے ڈیڑھ ملین سے زائد نسخے تقسیم، خریداری میں 60 فیصد اضافہ
May 30, 2016