لاہور (احسان شوکت سے) لاہور پولیس نے خفیہ اداروں کی مدد سے شہر میں منشیات فروشوں، بکئیوں، جواریوں، قحبہ خانوں، قبضہ گروپوں، جیب تراشوں، اشتہاریوں، ٹائوٹوں اور ڈکیتی و راہزنی سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث 5 ہزار 1 سو 34 جرائم پیشہ افراد کے ناموں پر مشتمل ’’بلیک بک 2016‘‘ تیار کر لی ہے۔ بلیک بک میں شامل افراد کے جرائم کی نوعیت، درج مقدمات، ان کے پتے اور سرپرستوں کے علاوہ دیگر معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ جس کی روشنی میں تمام تھانوں کو ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لئے حساس اداروں نے پولیس کے ساتھ مل کر خفیہ انفارمیشن کی روشنی میں جرائم پیشہ افراد کے ناموں پر مشتمل بلیک بک 2016 تیار کر لی ہے۔ اس بک میں شامل 5 ہزار 1 سو 34 جرائم پیشہ عناصر میں سب سے زیادہ 2 ہزار 2 سو 21 منشیات فروش، 9 سو 12 جوارئیے اور بکئیے، 4 سو 80 قحبہ خانے، 2 سو 64 قبضہ گروپ، 1 سو 74 اشتہاری ملزمان و عدالتی مفرور، 19 ڈاکو و راہزن، 51 جیب تراش، 2 سو 29 ٹائوٹ اور دیگر متفرق جرائم میں ملوث 8 سو 29 افراد کے نام شامل ہیں۔ اس بک میں ان جرائم پیشہ افراد کے جرائم کی نوعیت اور مقدمات کے علاوہ ان کے مکمل پتے اور ان جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والی شخصیات کے نام بھی بتائے گئے ہیں۔ اس بلیک بک میں درج خفیہ انفارمیشن کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی مختلف اہم سیاسی شخصیات، پولیس افسران اور دیگر حکام بھی کرتے ہیں جبکہ تھانوں کی پولیس کے ساتھ مک مکا کر کے بھی یہ جرائم پیشہ عناصر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بعض علاقوں میں پولیس افسران و اہلکار خود جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ اس خفیہ رپورٹ کی روشنی میں پولیس حکام نے تمام تھانوں کو ان کے علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کی لسٹیں اور دیگر معلومات فراہم کر دی ہیں کہ ان افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لاہور پولیس نے کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والے پولیس اہلکار وہاں سے ہٹا کر محکمہ سے نکال دیئے جائیں گے جبکہ کوئی سیاسی دبائو یا سفارش قبول نہیں کی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
بلیک بُک تیار