پاکستان اورآسٹریلیا کا وارم اپ میچ بارش کی نذر

May 30, 2017

برمنگھم(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان وارم اپ میچ بارش کے سبب بے نتیجہ ختم کردیا گیا۔برمنگھم میں صبح سے بادلوں نے ڈیرے ڈالے رکھے ہوئے تھے اور بارش کے سبب میچ تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 34 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔ڈیوڈ وارنر نے اننگز کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن محمد عامر نے 11 رنز بنانے والے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔سری لنکا کے خلاف وارم اپ میچ میں سنچری بنانے والے ایرون فنچ ایک مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے کے موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مل کر اسکور کو 57 تک پہنچایا ہی تھا کہ بارش نے ایک مرتبہ پھر میچ میں مداخلت کردی۔بارش کی شدت کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور امپائر نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔، فنچ نے 36 اور اسمتھ نے آٹھ رنز بنائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے اسی میدان میں کھیلے گئے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 2 وکٹوں سے ناقابل یقین فتح حاصل کی تھی جس میں نوجوان کھلاڑی فہیم اشرف نے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد برق رفتار 64 رنز بنا کر گرین شرٹس کو کامیاب بنایا تھا۔

مزیدخبریں