اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث ’’را‘‘ کے ایجنٹ کمانڈر کلبھوشن یادیو سے ابھی تک معلومات مل رہی ہیں۔ یہ معلومات پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے بارے میں ہیں۔ کلبھوشن یادیو کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کے بارے میں اہم معلومات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ کلبھوشن کی معلومات کی بنیاد پر متعدد گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ ادھر ایک انٹرویو میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا ہے کہ کلبھوشن کیخلاف ٹھوس ثبوت موجود، بھارت کو عالمی عدالت میں ننگا کرینگے، پاکستان قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، کلبھوشن کیس میں تمام ثبوت پیش کر ینگے ، بھارتی دہشتگردی کے شواہد دینگے، عالمی عدالت انصاف نے پاکستان کے موقف کو مسترد نہیں کیا اور عبوری فیصلہ کسی ملک کی شکست یافتح نہیں ہوتی۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور وہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرے گا مگر ملکی سلامتی پرکبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔اٹارنی جنرل نے کہاکہ کلبھوشن کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی سے رہنمائی لی جائیگی۔ دوسری جانب عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وکیل خاور قریشی نے کہا ہے کہ عالمی عدالت کلبھوشن یادیو کو رہا نہیں کر سکتی ، کلبھوشن کا کیس واضح ہے اس کو رہا یا بری نہیں کیا جاسکتا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل آفس میں اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیاسے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور خاورقریشی نے شرکت کی، اٹارنی جنرل سے کلبھوشن کے مقدمے کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور حکمت عملی پر غور خوص کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں کیس کے مختلف پہلو کا جائزہ لیا گیا اور کلبھوشن کا کیس عالمی عدالت میں بھرپور انداز میں لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔