رائے ونڈ (نامہ نگار) فوڈ انسپکٹر رائے ونڈ کی بروقت کارروائی نتیجہ خیز ثابت ہوئی ،رمضان بازار میں کم وزن کے آٹے کے تھیلوں کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوا نے کے فوراً بعد کم وزن آٹا فراہم کرنے والی ملز سربمہر کردی گئی ۔سیاسی شخصیات نے منظور نظر افرادکی ملز کھلوانے کیلئے بھاگ دوڑ شروع کردی ہے ۔رمضان بازار میں آٹے کا معیاراور وزن چیک کرنے کیلئے محکمہ فوڈ کی طرف سے انسپکٹر فیاض الحسن کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے ،جنہوں نے پہلے ہی روز رمضان بازار میں مقامی فلور ملز کی جانب سے آنے والے آٹے کے ٹرک کے تھیلوں کا وزن کیا تو پہلے ہی 6تھیلوںکا وزن پورا نہیں نکلا بلکہ چھ کے چھ تھیلوں کا وزن مقررہ وزن سے کم تھاجس پر انہوں نے آٹے کا ٹرک واپس بھجوادیا اور اپنے حکام کو فون پر اطلاع کردی ،اس موقع پر سپروائزر محکمہ خوراک شمائلہ ریاض اورمحکمہ ویٹ اینڈ میرز کے اہلکار نے بھی کم وزن ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے محکمہ کے افسروں کو مطلع کردیا ،چنانچہ اگلے ہی گھنٹے کارروائی ہوئی اورملز کے آٹے کی سپلائی بند کردی گئی ،دوسرے روز عریبیہ فلور ملز اور کمال زمیندار فلور ملز کا آٹا پہنچا ہے ،جس کی کوالٹی اور وزن پورا پایا گیا ہے۔