وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے امورپرپیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی نے پروگرام کے حوالے سے سمریاں بھجوانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا او رکہاکہ عوام پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہوں اور ادارے سمریاں بھجوائیں، یہ کسی صورت قابل قبول نہیںـآئندہ مجھے اس پروگرام کے حوالے سے کسی قسم کی سمری نہ بھیجی جائےـانہوں نے کہاکہ پنجاب صاف پانی کمپنی کا بورڈ خود مختار ہے اور بورڈ خود فیصلے کر کے ان پر عملدرآمد یقینی بنائےـانہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی 37تحصیلوں میں اس پروگرام کا بیک وقت آغاز کیا جائے گا او رجن تحصیلوں میں پانی کھارا ہے وہاں پر اس پروگرام پر ترجیحی بنیادوں پرعملدرآمد کیا جائے گاـ انہوں نے کہاکہ فلاح عامہ کے اس بڑے پروگرام پر ایک لمحے کی تاخیر کئے بغیر عملدرآمد کرنا ہوگا،پینے کا صاف پانی شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے یہ پروگرام ترتیب دیا ہےـ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی ماہرین کی مشاورت سے پروگرام کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جائے گاـ چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی،سیکرٹری ہاؤسنگ،چیف ایگزیکٹو آفیسرز پنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ و سائوتھ ،متعلقہ حکام اور جرمن کنسلٹنٹ نے اجلاس میں شرکت کی۔