کراچی(اسٹاف رپورٹر)سعودی قونصل خانے کی جانب سے عمرہ ویزے جاری نہ ہونے کے باعث پاکستانی عمرہ زائرین مشکل میں پڑ گئے، ویزہ اسٹیکر نہ ملنے کی وجہ سے ویزوں کا اجرا تاخیر کا شکار ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی سفارتخانے میں عمرہ ویزا اسٹیکرز کی شدید قلت کے باعث بحران شدت اختیار کرگیا، رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت ہزاروں پاکستانیوں کے لیے حسرت بن کر رہ گئی۔عمرہ زائرین ، ٹریول ایجنٹس اور ایئر لائنز کو کروڑوں روپے نقصان کا سامنا ہے، رمضان المبارک میں عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانے والے پاکستانی عمرہ زائرین کو ایک بار پھر شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔سعودی قونصل خانے کی جانب سے پچاس ہزار سے زائد ویزے تاحال جاری نہ ہوسکے۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ ویزہ اسٹیکر نہ ہونے کی وجہ سے عمرہ ویزے کا اجرا تاخیر کا شکار ہے۔ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے کراچی قونصل خانے کو ویزہ اسٹیکر جاری نہیں کیے جاسکے جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پچاس ہزار سے زائد افراد کے پاسپورٹس قونصل خانے میں جمع کرائے جا چکے ہیں، ویزہ کے اجرا نہ ہونے کی وجہ سے عمرہ کی ادائیگی کیلئے جانے والے زائرین کو ٹکٹ اور ہوٹل کی بکنگ منسوخ کرانی پڑی۔رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت کے لیے ہزاروں پاکستانی سال بھر پہلے جانے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، اس سلسلے میں ایئر لائنز سے ٹکٹ بھی ایڈوانس خرید لیتے ہیں، مختلف ایئر لائنز رمضان المبارک کے لیے نان ریفنڈ ایبل ٹکٹ آفر کرتی ہیں جو کہ کم ریٹ کی وجہ سے خرید لیے جاتے ہیں۔