لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب کی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے ) نے پانچ برس میں ٹیکس دہندگان کی تعداد کو 2500سے بڑھا کر50ہزار کر دیا ہے جب کہ ٹیکس وصولی کی حد 42ارب روپے سے بڑھا کر100ارب روپے تک لے گئے ہیں۔ گزشتہ روز پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ان کے عزاز میں دی جانے والی الوداعی افطارپارٹی کے دوران انہوں نے اتنی اچھی کارکردگی پر چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل صدیقی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش تھی کہ وہ پنجاب ریونیو اتھارٹی سمیت پنجاب میں ٹیکس وصول کرنے والے تمام اداروں کو ایک جگہ اکھٹا کر دیتی مگر وہ پنجاب ریونیو اتھارٹی پر ابتدا ہی میں دوسرے محکموں کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی تھی تاکہ ان کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ ٹیکس دھندگان اور ٹیکس وصول کرنے والوں کے درمیان رابطہ کو فیزیکلی کم کر کے آن لائن پر لانا تھا تاکہ ٹیکس گزاروں کی شکایات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ان کے مطابق اگر ان کی حکومت کو دوبارہ موقع ملا اور وہ دوبارہ پنجاب کی وزیر خزانہ بنیں تو ٹیکس کا ایسا الیکٹرانس نظام لائیں گی جس سے ایک ہی پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے یا آتے جاتے اے ٹی ایم ، کریڈٹ اور ڈیبیٹ کارڈ سے تمام اپنے اپنے حصے کا ٹیکس ادا کر سکیں۔ پی آر اے نے اب تک100ارب روپے کامشکل ہدف پورا کر لیا ہے۔ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پی آر اے کے چیئرمین ڈاکٹر راحیل صدیقی نے کہا کہ انہوں نے ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کی بڑی کوشش کی ہے جس میں وہ کامیاب ہوئے ہیں۔
ٹیکس دہندگان کی تعداد کو 50 ہزار تک لیکر جانا بڑی کامیابی ہے: عائشہ غوث
May 30, 2018