کابل(سپورٹس ڈیسک )افغانستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ بھارت کے خلاف شیڈول تاریخی ٹیسٹ میچ کے لیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں راشد خان اور مجیب الرحمان سمیت 4 اسپنرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ برس افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کھیلنے کا درجہ دیا تھا جہاں آئرش ٹیم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کر چکی ہے جبکہ افغانستانی ٹیم 14 جون کو بھارت کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرے گی۔اس سے قبل افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 3 سے 7 جون تک کھیلی جائے گی اور افغان بورڈ نے دونوں سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔افغانستان کو ٹیسٹ میچ میں تجربہ کار فاسٹ باؤلر دولت زدران کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہیں اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ ٹیسٹ اسکواڈ کپتان اصغر استنکزئی، جاوید احمدی، احسان اللہ، محمد شہزاد، مجیب الرحمان، ناصرجمال، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، افسر زیزئی، محمد نبی، راشد خان، امیر حمزہ، سید شیرزاد، یامین احمدزئی، وفادار اور ظاہر شاہ پر مشتمل ہے۔
بھارت کیخلاف تاریخی ٹیسٹ میچ کے لیے افغان اسکواڈ میں 4اسپنرز شامل
May 30, 2018