لاہور (سپورٹس ڈیسک)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی کرکٹ کمیٹی نے ٹیسٹ میچز میں ٹا س کو برقرار رکھنے کافیصلہ کیا ہے ۔ انیل کونبلے کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکہ اچھا لنے کا روایتی طریقہ برقرار رکھا جائیگا۔کھلاڑیوں کے غلط رویہ کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بال ٹیمپرنگ کی صورت پر کھلاڑیوں پر سخت پابندی عائد کی جائے ۔ ٹاس کے حوالے سے کمیٹی نے سابق کپتان مائیک گیٹنگ‘مہیلاجے وردھنے ‘کوچ مائیک ہیسن ‘ڈیوڈ بون سے بھی مشاورت کی ‘فیصلہ کیا گیا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو مد نظر رکھتے ہوئے کوالٹی پچز کی تیاری کو ترجیح دی جائیگی ۔ کمیٹی نے تجویز دی کی بال ٹیمپرنگ کی صورت میں پابندی عائد کیجائے ‘گالم گلوچ یا کسی کی ذات کو نشانہ بنانے پر بھی سخت سزا دی جائے ۔ عزت کے حوالے سے کوڈ آف کنڈکٹ تیار کیا جائے ۔میچ ریفری کو اختیاردیا جائے کہ وہ ذمہ داروں کیخلاف پابندی کی سفارش کر ے ۔ امپائرز کو فیصلے سے متعلق مزید بااختیار بنایا جائے ۔ پوائنٹس ہر میچ کے بعد ایوارڈ دیئے جائیں نہ سیریز کے ختم ہونے پر ‘میچ جیتنے پر تین پوائنٹس ملیں تو ڈرا کی صورت میں ایک ایک پوائنٹ دیا جائے ۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے ریزرو ڈے رکھا جائے ۔