عباس نے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون بائولر بننے کی خواہش ظاہر کر دی

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون بولر بننے کی خواہش ظاہر کر دی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد عباس نے لارڈز ٹیسٹ میں 64 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔وہ وسیم اکرم اور وقار یونس کے بعد لارڈز میں یہ اعزاز حاصل کر نے والے پاکستان کے تیسرے تیز بولر تھے، یہی نہیں اس کارکردگی کے بعد 28 سال کے فاسٹ بولر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی پاکر اب 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔عباس سے ایک درجے اوپر 18 ویں پوزیشن پر یاسر شاہ ہیں جو ان فٹ ہونے کے باعث قومی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ نہیں آئے۔محمد عباس نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ‘‘نمبر ون’’ بولر بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال جب انہوں نے ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ ڈیبیو کیاتو سیریز کے اختتام پر وہ 64 ویں نمبر پر تھے لیکن ڈبلن میں آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی پر ان کی رینکنگ 29ہو گئی تھی، جو اب مزید بہتری کے ساتھ 20ہے۔محمد عباس اس بات پر بھی خوش ہیں کہ انھیں کیریئر میں پہلی بار ٹیسٹ کے بہترین بولر ہونے کا موقع کرکٹ کے گھر لارڈز میں ملا۔

ای پیپر دی نیشن