لاہور(خصوصی رپورٹر) شہبازشریف نے میرانشاہ اور پاک افغان سرحد پر فوجی افسروں اور جوانوں کے ساتھ تین گھنٹے گزارے۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل اظہر عباسی نے ان کا استقبال کیا۔ میجر جنرل اظہر عباسی نے بتایا کہ 11کور سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار 5 سو سے زائد افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور 16ہزار سے زائد افسر اور جوان زخمی ہوئے ہیں۔ اب تک دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف 521بڑے آپریشن کئے گئے ہیں جبکہ شمالی وزیر ستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کو نمونے کے طورپر بنایاگیا کمپاؤنڈ بھی دکھایا گیا جہاں پر دہشت گرد اسلحہ رکھنے کے علاوہ قیدیوں کو بھی زیر حراست رکھتے تھے۔ وزیراعلیٰ کو اس کمپائونڈ میںغیر ملکی کرنسی، خودکش حملے کیلئے تیار کیے جانیوالے کمرے اور زیر زمین جیل بھی دکھائی گئی۔