مہنگائی کا جن بدستور بے قابو، آلو بخارا 400 روپے کلو تک ہو گیا

لاہور(کامرس رپورٹر+وقائع نگار خصوصی) صوبائی دارلحکومت میں13ویں روزے کو بھی پرچون سطح پرسبزیاں اور پھل عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر رہے۔ سبزی مارکیٹ کمیٹی لاہور کی پرچون ریٹ لسٹ میں اگرچہ بعض سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی لیکن دکانداروں نے ریٹ لسٹ میں درج قیمتوں سے 100 روپے سے بھی زائد میں سبزیاں اورپھل فروخت کئے۔ علامہ اقبال ٹائون، جوہر ٹائون، ایجوکیشن ٹائون، گارڈن ٹائون، فیصل ٹائون، سمن آباد، اچھرہ، مزنگ، مغلپورہ، گڑھی شاہو، کریم پارک، امین پارک، اندرون شہر سمیت دیگر علاقوں میں سبزیوں میں ایک کلو لیموں دیسی کی سرکا ری قیمت 123 روپے مقرر ہے لیکن دکانداروں نے ایک کلو لیموں دیسی 200روپے تک فروخت کئے۔ اسی طرح آلو نیاکچا چھلکا کے سرکاری نرخ 26 روپے ہیں لیکن اسے 30 روپے تک فروخت کیا جاتا رہا۔ پیاز 21 کی بجائے بدستور 28، ٹماٹر 16 کی بجائے25، لہسن دیسی 74 کی بجائے110، لہسن چائنہ 106 کی بجائے 140، ادرک تھائی لینڈ 116 کی بجائے175، ادرک چائنہ 156 کی بجائے 220 ، بینگن 25 کی بجائے 30، کھیرا دیسی 27 کی بجائے 35، کھیرا فارمی 20 کی بجائے 25، پالک14 کی بجائے 23، ٹینڈے دیسی 40 کی بجائے 49، پھلیاں 55 کی بجائے80، پھول گوبھی47 کی بجائے 55، گھیاکدو 17 کی بجائے25، سبز مرچ 58 کی بجائے 100، شملہ مرچ 27 کی بجائے40، بھنڈی 38 کی بجائے55، مٹر 96 کی بجائے 150 روپے میں فروخت کئے گئے۔ پھلوں میں ایک کلو سیب کالا کولو 186 کی بجائے 260، سیب سفید 96 کی بجائے 150، خربوزہ 47 روپے کلو کی بجائے 60، کیلا اوّل درجہ 111 کی بجائے 200، ایک کلو خوبانی پیلی 116 کی بجائے 145، آڑو 85 کی بجائے 150، کھجور ایرانی کھلی 178 کی بجائے 250، کھجور اصیل کھلی 146 کی بجائے 220، گرما 74 روپے فی کلو کی بجائے 76 روپے، آم سندھڑی 146روپے کی بجائے 180روپے،فالسہ 156روپے کی بجائے175روپے، آلو بخارا 306 کی بجائے400 روپے اور ایک کلو انگور 141 کی بجائے 220 روپے تک فروخت کئے گئے۔ دوسری طرف پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت میں مزید 6 روپے فی کلو کمی ہوگئی۔ گزشتہ روز برائلر گوشت کی قیمت 6 روپے کمی سے 238 سے کم ہو کر 232 روپے فی کلو رہی جبکہ فارمی انڈے 80 روپے درجن پر فروخت ہوئے۔ دوسری طرفرمضان میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست گزار کے مطابق حکومت رمضان میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ سینئر وکیل محمد اظہر صدیق نے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور درخواست میں نشاندہی کی کہ رمضان میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں اور زخیرہ اندوزی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والا مافیا سرگرم ہے اور حکومت اس کیخلاف کارروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...