لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس ثاقب نثار عوامی مفاد اور از خود نوٹسز پر پرسوں یکم جون سے لاہور رجسٹری میں سماعت کریں گے۔ کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 3 جون تک سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم نوعیت کے مقدمات پر سماعت کریگا۔ بنچ میں جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔ دو رکنی بنچ ریلوے میں خسارے، جعلی پولیس مقابلے، پنجاب میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں کے معاملات، پنجاب حکومت کی پبلک سیکٹر میں قائم 56 کمپنیوں، ہسپتالوں کی حالت زار، ہسپتالوں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے علاوہ بچی اور صحافی کے قتل پر ازخود نوٹسز سماعت بھی ہوگی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار عام شہریوں کی جانب سے دی جانیوالی درخواستوں پر بھی کارروائی کریں گے۔