لاہور ( این این آئی)جگر ،گردوں، دل اور شوگر کے مرض میں مبتلا افراد کے لئے روزہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے جبکہ افطاری میں سموسے، پکوڑے ، دہی بھلے اور کولڈ ڈرنکس کا استعمال معدے میں تیزابیت بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے بے احتیاطی کی صورت میں بے ہوشی اور پیشاب کی نالی میں سوزش جیسے امراض لاحق ہو سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار طبی ماہرین پروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی ، پروفیسر حکیم سید عمران فیاض، حکیم محمد افضل میو، حکیم احمد حسن نوری، حکیم امجد وحید بھٹی، حکیم فاروق حسن، حکیم حامد محمود، حکیم محمد ابوبکر، حکیم محمد اسحاق ، حکیم محمد احمد، حکیم فیصل طاہر صدیقی،حکیم نذیر احمد قصوری،حکیم حافظ عبدالرزاق کھوکھر ، ڈاکٹر سکندر حیات زاہد اور طبیبہ غلام زینب نے پاکستان طبی کانفرنس لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام روزہ اور احتیاطی تدابیر کے موضوع پر منعقدہ مجلس مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ شوگر ، گردوں،جگراور دل کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو روزہ رکھنے سے منع کیا جاتا ہے تاکہ ان کی زندگی کو خطرہ لاحق نہ ہو ایسے مریض جن کی شوگر کنٹرول نہیں رہتی یا 300 سے زائد رہتی ہے انہیں روزہ رکھنے سے منع کیا جاتا ہے کیونکہ شوگر بڑھنے سے ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔