کرکٹ ورلڈ کپ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب، میلہ آج سجے گا، کپتانوں کی ملکہ برطانیہ سے ملاقات

May 30, 2019

لندن+لاہور(عارف چودھری+سپورٹس ڈیسک )کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب لندن میں بکنگھم پیلس کے باہر سجائی گئی۔سرفراز احمد سفید رنگ کا شلوار قمیض اور سبز کوٹ پہن کر تقریب میں شریک ہوئے۔پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت تمام 10 کپتانوں کی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ سے ملاقات کرائی گئی، اس موقع پر گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض سابق انگلش کرکٹر اینڈریو فلنٹوف نے انجام دیئے، ورلڈ کپ میں شریک تمام 10 ٹیموں کے کپتان بھی تقریب میں شریک تھے۔ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈ بھی تقریب میں موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے دوران دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے سٹیج پر پہنچے اور ٹرافی کو سجا دیا جس کے بعد ورلڈ کپ کا آفیشل گانا بھی گایا گیا۔ بکنگھم پیلس میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جہاں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی اور عالمی نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے بھی شرکت کی ۔ ورلڈ کپ کا آغاز آج اوول لندن میں میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے شروع ہورہا ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں46 دن کے دوران دنیا کی دس صف اول کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ دس گراونڈز میں میچ ہوں گے۔ مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی ‘ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور 14 جولائی کو فائنل مقابلہ ہوگا۔پاکستان اپنا ایونٹ کا پہلا میچ کل ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان دوسرا میچ 3 جون کو انگلینڈ، 7 جون کو سری لنکا، 12 جون کو آسٹریلیا، 16 جون کو بھارت، 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گا۔ ورلڈ کپ کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ وینیوز کے قریب ڈرونز کو اڑانے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔

مزیدخبریں