لاہور( خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے تنخواہ دار ایجنٹ پاک فوج کی کردار کشی کر رہے ہیں۔ پی ٹی ایم محب وطن پختونوں کے نام پر گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے۔ مذہبی طالبان کی طرح لبرل طالبان کی سرکوبی بھی ضروری ہے۔ سیکولر انتہا پسندی ملک کیلئے زہر قاتل ہے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج کیساتھ ہے۔ سیکولر لابی پاک فوج کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔ پاک فوج نے جانیں قربان کر کے قبائلی علاقہ جات کو دہشت گردوں سے پاک کیا ہے۔ محب وطن قوتیں متحد ہو کر غداران وطن کا محاسبہ کریں۔ دھرتی ماں سے بے وفائی کرنے والے عبرت کا نشان بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں سنی اتحاد کونسل پنجاب اور لاہور کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مودی کی کامیابی سے بھارت کی اقلیتیں سخت خوفزدہ ہیں۔ بھارتی الیکشن کے نتائج نے نام نہاد بھارتی سیکولر ازم کا جنازہ نکال دیا ہے۔
امریکہ اور بھارتی ایجنٹ فوج کی کردارکشی کررہے ہیں:حامدرضا
May 30, 2019