حرمین شریفین کی سلامتی کو خطرہ ہوا تو پاکستان سعودی عرب کیساتھ کھڑا ہوگا: شاہ محمود قریشی

جدہ،اسلام آباد (امیر محمد خان +سٹاف رپورٹر ) پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ بدھ کو او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیرخارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے چودہویں سربراہ اجلاس کی میزبانی پر ،سعودی وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر اپنے سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا امن و استحکام ،اس مقدس سر زمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان نے پاکستانیوں کے دلوں میں گہرے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107 قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے عوام کے دل جیت لئے۔ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب سے گذارش کی کہ ان قیدیوں کی جلد رہائی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ او آئی سی میں ہندوستان کی شمولیت کسی بھی حیثیت میں قابلِ قبول نہیں ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستانیوں کے لیے حج کوٹے کو دو لاکھ تک بڑھانے پر بھی سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کو سعودی عرب میں مقیم ورک فورس اور طلباء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے لئے خصوصی توجہ کی درخواست کی۔سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان (کل)بروز جمعہ 31 مئی کواسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی )اجلاس میں شرکت کریں گے،اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس 31 مئی کومکہ مکرمہ میں ہوگا۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اوآئی سی سکیورٹی معاملات پرتاثرات کے تبادلے کاپلیٹ فارم ہے، وزیراعظم اتحاد امت اوردرپیش چیلنجز پر توجہ مرکوزرکھیں گے۔کشمیراورفلسطین پربھی بات کریں گے،ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امت مسلمہ کے مشترکہ مقاصد پر بات کریں گے اس کے علاوہ وزیر اعظم تعلیم اور ریسرچ کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیں گے۔شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس میں شرکت سے پہلے عمرہ کیا اور مسجد الحرام میں نماز تراویح ادا کی، اپنے ایک ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی نے کہا اللہ تعالیٰ اس مشکل گھڑی میں ہماری مدد کرے، شاہ محمود کل او آئی سی سربراہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہونگے، آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان بھی سربراہ کانفرنس اور تنظم کے کشمیر رابطہ گروپ نے اجلاس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچ گئے ہیں، وہ جموں کشمیر کے عوام کے نمائندوں کے طور پر شرکت کرینگے قبل ازیں سعودی عرب روانگی سے قبل اسلام آباد میں بات چیت کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے اسلامی تعاون تنظیم اور اس کے سیکرٹری جنرل کا جموں و کشمیر کے تنازعہ پر جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ موقف اختیار کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں پر بھارتی حکومت کی کھل کر مذمت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ انسانی حقوق اور اعلیٰ انسانی اقدار کی دھجیاں بکھیرنے پر عالمی برادری بھارت کو انصاف اور احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرے ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیر خارجہ سمیع شوکری سے بھی ملاقات کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے دوبارہ صدر منتخب ہوئے اور مصر کو افریقن یونین کی چیرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی شاہ محمود قریشی اور سمیع شوکری نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پربھی تبادلہ خیال کیا پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے مصر کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا مصر کے وزیر خارجہ نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا مصری وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو دورہ مصر کی دعوت دی ۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...