لاہور‘ کراچی (کامرس رپورٹر‘ ایجنسیاں) انٹر بنک مارکیٹ میں گزشتہ روز روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 59 پیسے کمی سے 149.64 روپے پہنچ گئی جو کہ ایک روز قبل 150.23 روپے تھی۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی فروخت 150.50 روپے تک رہی تاہم مارکیٹ کلوزنگ پر اسکی قیمت 150 روپے پر بند ہوئی۔ ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 200 روپے کمی کیساتھ 69 ہزار 800 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 172 روپے کمی کیساتھ 59 ہزار 824 روپے ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں فی اونس ایک ڈالر کی کمی ہوئی ہے اور فی اونس سونے کی قیمت 1278 ڈالر ہو گئی ہے۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت رجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 1010 پوائنٹس اضافہ پر بند ہوئی۔بدھ کو کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سٹاک مارکیٹ کاروبار کے دوران زبردستی تیزی نظر آئی۔ کاروبار کا اختتام کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1010 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 35 ہزار 959 کی سطح پر بند ہوئی۔کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1044 پوائنٹس تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے ساتھ ہی مارکیٹ 35 ہزار 993 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھی گئی۔اسٹاک مارکیٹ کے ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 923 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج کے سی ای او رچرڈ مورن کے مستعفی ہونے کے اسٹاک پر مثبت اثرات نظر آ رہے ہیں۔
ڈالرانٹربنک میں 59 پیسے، سونا 200 روپے تولہ، سستا سٹاک مارکٹ میں زبردست تیزی
May 30, 2019