میرے خلاف ریفرنس دائر ہوا یا نہیں تصدیق کردیں: جسٹس فائز عیسیٰ کا صدر کو خط

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے خلاف مبینہ مس کنڈکٹ کے الزام پرحکومتی ریفرنس کی تصدیق کے لئے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ دیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عدالت عظمی کے فاضل جج کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ حکومتی ذرائع بتا رہے ہیں کہ میرے خلاف آئین کے آرٹیکل209کے تحت ریفرنس دائر کیا گیا ہے ، فاضل جج نے صدر مملکت سے کہا ہے کہ برائے مہربانی یہ تصدیق کردی جائے کہ ریفرنس دائر کیا گیا ہے یا نہیں اور اگر ریفرنس دائر کردیا گیا ہے تو اس مبینہ ریفرنس کی کاپی مجھے فراہم کی جائے ۔ ذرائع نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے یہ بھی لکھا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ آپ صدر مملکت اس سے اتفاق کریں گے کہ اگر ریفرنس دائر کردیا گیا ہے اور اس پر مجھے جواب دینا ہوگا ،فاضل جج نے کہا ہے کہ حکومت کو ریفرنس منظر عام پر لانا چاہیئے ۔ فاضل جج نے مزیدکہاکہ منتخب لیکس سے کردار کشی ہورہی ہے اس عمل سے میرا فیئر ٹرائل کا حق متاثر ہور ہا ہے اور عدلیہ کے ادارے کا تشخص مجروح ہورہا ہے ۔ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی کے خط کی نقول وزیراعظم پاکستان اور سپریم کورٹ کو بھی بھجوائی گئی ہیں ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ ، سندھ اور لاہور ہائیکورٹس کے تین ججز کے خلاف اثاثے چھپانے کے الزام میں ریفرنس دائر کئے گئے تھے جس کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسی نے یہ خط لکھا ہے ۔ وزارت قانون و انصاف کے ذرائع کے مطابق حکومت نے ایک سابق پی سی او جج کی خدمات حاصل کرکے ریفرنس تیار کروانے کے بعد صدارتی ریفرنس دائر کئے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...