اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ جمہوریت کے نقاب میں چوروں کا ٹولہ سڑکوں پر تماشے لگانے کی کوششیں کررہا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر مراد نے کہا کہ جمہوریت کے نقاب میں چوروں کا ٹولہ سڑکوں پر تماشے لگانے کی کوششیں کررہا ہے۔ مجرم جمہوریت کی آڑ میں چھپ کر احتساب سے بچنے اور قوم کو بیوقوف بنانے کے خواہشمند ہیں، جاتی امرا کے ٹھگوں کا احتساب کیا گیا تو انہیں ووٹ کی حرمت یاد آگئی تاہم اپنی سیاہ کاریوں کا کوئی جواب ان کے پاس تھا نہ ہی ان کے پاس ہے۔مراد سعید کا نے کہا کہ چوری بچانے کے لیے جمہوریت کو ڈھال بنانا شرمناک، قابلِ مذمت اور جمہوریت کی ساکھ تباہ کرنے کی کوشش ہے، بلاول زرداری کو کسی سیاسی مقدمے کی پیروی کے لیے نہیں بلکہ خالصتا چوری اور لوٹ مار کی واردات میں تفتیش کیلئے طلب کیا گیا۔ کرپشن جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو کیسے اجازت دی جاسکتی ہے کہ وہ مشتعل جتھوں کے ساتھ پیشیوں پر آئیں۔ روزانہ کی بنیاد پر یقین دہانی کروارہے ہیں کہ جتنے مرضی تماشے کرلیں حکومت کو کسی دبا میں نہیں لاسکتے، قوم کی نگلی گئی دولت اگلنے کے علاوہ ان کے پاس نجات کی کوئی راہ نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے بلاول بھٹو کی نیب میں پیشی کے موقع پر جیالوں کی ہنگامہ آرائی پر کہا قانون کو ہاتھ میں لیا جائے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ کرپٹ لوگوں کو عدالتوں میں آنا پڑے گا، یہ این آر او کیلئے عدالتوں میں آتے ہیں۔ عید کے بعد احتجاج سے متعلق ابھی سے یہ راستہ اختیار کر رہے ہیں۔فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ لوگ ان کے ساتھ نہیں، عید کے بعد بھی ان کا شو فلاپ ہوگا۔ پہلے اپوزیشن والے آپس میں این آر او لیتے تھے اب عمران خان کی حکومت ہے، انھیں ایک ایک پائی کا جواب دینا ہوگا۔
چوری بچانے کیلئے جمہوریت کو ڈھال ننانا شرمناک، بلاول کو لوٹ مار میں طلب کیا گیا: مرادسعید، فیصل جاوید
May 30, 2019