پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی کوئی لائف نہیں، انشاء اللہ تحریک چلائیں گے۔اب احتساب چلے گا یا معیشت چلے گی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی 13سال جیل کاٹی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجود ہ حکومت کی کوئی لائف نہیں ہے۔ صحافی کی جانب سے سوال کیا گیاکہ اپوزیشن نے اس وقت تحریک کا بڑا مومینٹم بنایا ہے چونکہ لوگ اس وقت بڑی مشکلات میں ہیں ، عذاب میں ہیں ، مہنگائی ہے، لاقانونیت ہے اور برے حالات ہیں کیا عیدالفطر کے بعد اپوزیشن حکومت کے خلاف کوئی تحریک چلانے جا رہی ہے، اس پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ۔ جبکہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زداری نے کہا ہے کہ حکومت مسلسل عدلیہ اور جمہوریت پر حملے کر رہی ہے، معززایڈیشنل اٹارنی جنرل نے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا ہے۔ ایک ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سلیکٹڈ جمہوریت ،سلیکٹڈ عدلیہ اور سلیکٹڈ میڈیا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اختیارات عوام کو منتقل کئے جائیں ورنہ سب برباد ہو جائے گا۔