اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یوسف احمد نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے حقوق اور آزادی کیلئے ایک جائز جدوجہد کررہے ہیں اور انکی یہ جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قانون کے مطابق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اس جدوجہد کو دہشت گردی کیساتھ جوڑناعالمی ادارے کی قراردادوں اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ڈاکٹر یوسف احمد نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے 14 ویں اجلاس کے موقع پر جموں وکشمیر سے متعلق تنظیم کے رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے ساتھ انکا دلی تعلق ہے اور یہ مسئلہ اسلامی تعاون تنظیم کے ایجنڈے پر ایک اہم مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاذ کیساتھ انکا ایک مضبوط تعلق ہے اور رہیگا۔جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کو جموں وکشمیر میں لوگوں کی سلامتی کوخطرات کا باعث بننے والے خونی واقعات پر تشویش ہے اور تنظیم مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا انسانی حقوق کمیشن کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کومسلسل مانیٹر کر رہا ہے اور وہ اس معاملے کو انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں کے ساتھ اٹھاتا رہے گا۔ جنرل سیکرٹری نے کہا کہ انہوں نے بھارت کو جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزیوں اور نہتے او بے گناہ کشمیریوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے روکنے کیلئے تمام عالمی فورموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا ہواہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت اور پاکستان اپنے تمام مسائل خاص طور پر تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے حقیقی مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کریں گے۔