لاہور(نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ پولیس فورس میں بہتر سے بہتر اہلکاروں کی بھرتی کیلئے فائنل انٹرویو کے دوران سائیکالوجیکل ٹیسٹ اور پروفائلنگ پر بطور خاص توجہ دی جائے تاکہ آئندہ ریکروٹمنٹ میں مطلوبہ تعلیمی معیار اور جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی طور پر مضبوط اورقابل نوجوانوں کو پولیس فورس کا حصہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تمام اضلاع میں بھرتی کے دوران تحریری امتحان لینے والی ٹیسٹنگ ایجنسی کو پولیس سروس کی ترجیحات اور ڈیمانڈ سے مفصل طو ر پر آگاہ کیا جائے تاکہ ٹیسٹ کے انعقاد کے دوران بھی اہلکاروں کی سکروٹنی کا عمل بہتر سے بہتر ہوسکے جبکہ ریکروٹمنٹ کے دوران امیدواروں کے انٹرویو کیلئے مختص نمبرز کو بھی بڑھایا جائے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ روٹیشن پالیسی کے تحت اہلکاروں کی مختلف شعبوں میں پوسٹنگ کا دورانیہ یونٹ ہیڈ کی صوابدید پر ہے جو ضرورت کے مطابق اہلکار کو دو برس یا زیادہ عرصے کیلئے یونٹ میں تعینات رکھ سکتا ہے۔