واشنگٹن/لندن (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو امریکہ میں حاصل قانونی تحفظ کو کم کرنے کیلئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیئے ہیں، ایگزیکٹو آرڈر کی منظوری کے بعد امریکہ میں سوشل میڈیا کے نگراں ادارے فیس بک اور ٹوئٹر سمیت آن لائن پلیٹ فارمز کے خلاف صارفین کا مواد بلاک کرنے یا اس میں ترمیم کرنے پر قانونی کارروائی کرسکیں گے۔ جمعہ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ نے آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر الزام عائد کیا کہ انہیں لامحدود اختیارت حاصل ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس آرڈر کو جلد قانونی پلیٹ فارمز پر چیلنج کردیا جائے گا۔ ایگزیکٹو آرڈر کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا نیٹ ورکس ’سلیکٹو سینسر شپ‘ میں ملوث ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے بدھ کو پوسٹل بیلٹ سے متعلق صدر ٹرمپ کی دو ٹوئٹس پر فیکٹ چیک کا لیبل چسپاں کیا تھا۔ ٹوئٹر کے اس اقدام کو صدر ٹرمپ نے آزادی اظہار رائے کا گلہ گھوٹنے کا مرتکب قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ٹوئٹر امریکہ کے 2020ء میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں دخل اندازی کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ایگزیکٹو آرڈر سے قبل صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں متنبہ کیا تھا کہ آج بڑا ایکشن ہونے والا ہے۔ اس آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر الزام عائد کیا کہ انہیں لامحدود اختیارت حاصل ہیں۔