کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے نتیجے میں ماہ اپریل میں جاپان میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق کارکنان کی قلت کی وجہ سے بے روزگاری کی شرح نسبتاً کم تھی تاہم تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مختلف شعبوں میں صورتحال سخت ہو رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ماہ اپریل میں مخصوص مدتی مرتب کردہ شرح بے روزگاری 2 اعشاریہ 6 فیصد رہی۔ یہ مارچ کی نسبت صفر اعشاریہ ایک فیصد پوائنٹ زیادہ ہے اور یہ مسلسل دوسرے مہینے بڑھی ہے۔ درخواست گزاروں کے لیے دستیاب ملازمتوں کی شرح میں بھی اپریل میں مسلسل چوتھے ماہ کمی آئی۔ یہ شرح1 اعشاریہ 32 تھی جس کا مطلب یہ ہے کہ ملازمت تلاش کرنے والے 100 افراد کے لیے 132 ملازمتیں دستیاب تھیں۔ زیادہ تر شعبوں میں دستیاب ملازمتیں کم ہوئی ہیں جن میں خاص طور پر ہوٹل، ریستوران اور مصنوعات ساز صنعتیں شامل ہیں۔گزشتہ سال کے مقابلے میں ان میں 30 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے۔حکومتی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اپریل میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی وجہ سے وسیع تر شعبے متاثر ہوئے ہیں۔
جاپان میں شرح بےروزگاری میں اضافہ
May 30, 2020 | 13:16