لاہور (لیڈی رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) خاتون اول بشری عمران نے شیخ ابوالحسن شازلی صوفی ازم، سائنس وٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر لاہو ر اور ای لائبریری کا افتتاح کیا، خاتون اول نے ریسرچ سنٹر میں ویب پورٹل اور انٹر نیٹ پیج کی لانچنگ تقریب میں بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خاتون اول نے ریسرچ سینٹر کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا جبکہ خاتون اول کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ ریسرچ سینٹر کے دورے کے موقع پر منتظمین کی جانب سے خاتون اول کو تاریخی اور نادر کتب کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ خاتون اول نے منتظمین کے ہمراہ ریسرچ سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کر کے جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریسرچ سینٹر اور وزارت امور نوجوانان کے ما بین تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ لاہور کالج فاروومن یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، جامعہ نعیمیہ و اوقاف ریسرچ سینٹر، محکمہ ہائر ایجوکیشن، ہائر ایجو کیشن کمشن، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سپورٹس ڈویژن سینٹر کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ریسرچ سنٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب ندیم محبوب نے کہا کہ یہ سینٹرز مذہبی، سائنسی علوم کا جدید ترین تحقیقی مرکز ہوگا، نامور ملکی و غیر ملکی تعلیمی، تحقیقی اور مذہبی ادارے اس سے منسلک ہوں گے۔ تحقیق کو تعلیم کا لازمی حصہ بنانے اور نوجوانوں میں تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ریسرچ سینٹرز کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب فواد ہاشم نے کہا کہ ریسرچ سنٹر میں ریسرچ ہوگی، نووانوں کو علم کے حصول کا موقع میسر آئے گا، تمام ممبران کو ریسرچ سنٹر کی ریموٹ ایکسس حاصل ہوگی، ای بکس کی تعداد 100 ملین تک بڑھا دی جائے گی، ریسرچ سنٹر کے مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے گئے ہیں۔ اولڈ ہومز میں موجود افراد کو بھی ای لائبریری تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔ ریسرچ سنٹر کو نجی اور سرکاری اداروں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ آج کا دن ایک تاریخی دن ہے ایک طرف ہم نے طلبہ و طالبات کیلئے رہنمائی سنٹر کاآغازکیا ہے جو کیریئر کونسلنگ اور ملازمتوں کے مواقع کے حوالے سے ہمیشہ سے ہی طلبہ و طالبات کی ضرورت رہی ہے۔ دوسری جانب ریسرچ سنٹر کا افتتاح انتہائی احسن اقدام ہے۔ خاتون اول بشریٰ بی بی جلد لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کا بھی دورہ کریں گی۔گزشتہ روز لاہورآمد پر وائس چانسلرڈاکٹر بشریٰ مرزا نے انہیں یونیورسٹی کے دورے کی دعوت دی جس پر خاتون اول نے مثبت جواب دیتے ہوئے انہیں متعلقہ شعبہ سے رابطے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں بشریٰ مرزا سے غیر رسمی گفتگو میں خاتون اول بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ شیخ ابوالحسن شازلی کی دینی اور سماجی خدمات قابل ستائش ہیں۔ وہ بہت امیر آدمی تھے مگر انہوںنے سارا پیسہ اللہ کی راہ میں خرچ کردیا ۔
خاتون اول بشری عمران نے ریسرچ سنٹر اورای لائبریری کا افتتاح کردیا
May 30, 2021