اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے سٹریٹیجک فورسز کمانڈ کی نیشنل کمانڈ اینڈ اتھارٹی نیوکلیئر سہولت کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کا استقبال چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اورڈی جی سٹریٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے کیا، وزیراعظم کو پاکستان کے سٹریٹجک پروگرام کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے سٹریٹیجک پروگرام کے ساتھ منسلک تمام سائنس دانوں اور ملازمین کی انتھک کاوشوں کی تعریف کی، انہوں نے قومی دفاع کے تحفظ اور اسے مستحکم بنانے کے بارے میں پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ دریں اثناء اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ ایک سال میں 4 ہزار ارب روپے کا ٹیکس جمع کرنے اور تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر ایف بی آر کو شاباش دیتا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف ایک سال کے عرصے میں 4 ہزار ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کر لیا گیا ہے، یہ تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر ایف بی آر کو شاباش دیتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ موجودہ حکومت کی معیشت بحالی کیلئے کیے گئے اقدامات کی عکاسی کرتی ہے۔ ایف بی آر کی وصولیوں میں دورہ سال 18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران نے ملاقات کی، ممبران قانون ساز اسمبلی علی شان سونی، علی رضا بخاری، صغیر چغتائی ، سابق سپیکر انوارالحق اور سابق وزیر شہزاد چوہدری نے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی وزیر اعظم عمران خان کی قیادت ، ویژن اور پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، ممبران قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ جس مدبرانہ اور مربوط حکمت عملی سے وزیراعظم عمران خان نے ملک کو مالی بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ویژن اور عملی اقدامات سے متاثر ہو کر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر اسمبلی کے آئندہ انتخابات کیلئے پی ٹی آئی امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے گذشتہ شب کئے گئے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کچھ نشستوں پر امیدواروں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ آزاد کشمیر کی 45 نشستوں کیلئے 300 امیدواروں نے ٹکٹ کے حصول کیلئے درخواست دی تھی۔
وزیراعظم کا ایٹمی صلاحیت پر اظہار اعتماد
May 30, 2021