عوام پی ڈی ایم کا شر انگیز بیانیہ مسترد کرچکے عثمان بزدار

May 30, 2021

لاہور(نیوزپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں خواتین ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سے شمیم آفتاب،ثانیہ کامران،سبین گل، عابدہ راجہ اور ساجدہ یوسف نے ملاقات کی۔ خواتین ارکان اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے صوبے کی ترقی کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ہر ضلع کے علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج سے ترقی کا نیا دورشروع ہو گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ارکان اسمبلی کو ان کا جائز حق دیں گے۔ خواتین ارکان اسمبلی کا کردار نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ آپ کے علاقوں کے مسائل نوٹ کر لئے ہیں، انہیں فوری حل کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں میں خواتین ارکان اسمبلی کے مشوروں کو بھی اہمیت دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کوہالہ کے قریب شادرہ کے مقام پر گاڑی کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام پی ڈی ایم کے شرانگیز بیانیے کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ قوم ڈرامہ باز سیاستدانوں کی رگ رگ سے واقف ہے۔ یہ عناصر سارا زور این آر او کیلئے لگا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں این آر او نہیں ملے گا اور پاکستان کے وسائل لوٹنے والوں کو لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بز دار نے چیف آف لنڈ سردار شہر یار خان لنڈ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔جبکہ عثمان بزدارنے صوبائی وزیر جنگلی حیات صمصام علی بخاری کو فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سید صمصام علی بخاری کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ۔

مزیدخبریں