لاہور: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپٹ پی ڈی ایم کے اوچھے ہتھکنڈے، بےجا الزامات بے وقت کی راگنی اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے مترادف ہے۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار مالی سال میں 4 ہزار ارب سے زائد کے محصولات جمع کرکے تحریک انصاف حکومت نے ایک نئی تاریخ رقم کی، ریکارڈ محصولات کا جمع ہونا حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہے، ریکارڈ محصولات اکٹھا ہونا وزیراعظم عمران خان پر قوم کے مضبوط اعتماد کا عکاس ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کے مشکل ترین حالات کے باوجود معاشی اعشاریوں میں بہتری وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے، روز بروز بہتر ہوتے معاشی اعشاریے مستحکم ہوتی ملکی معیشت کی نوید ہے، اپوزیشن خصوصا کرپٹ پی ڈی ایم ٹولہ ہوس اقتدار میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔