لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آل راؤنڈر عماد وسیم کو سکواڈ سے ڈراپ کرنے کی وجہ بتادی۔چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ فٹنس مسائل کے باعث آل راؤنڈر عماد وسیم کی کارکردگی پر فرق پڑرہا ہے جس سے وہ پریشانی کا شکار ہیں جبکہ سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بہت زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ محمد نواز کو عماد وسیم پر ترجیح دی گئی۔ آل راؤنڈر کی کارکردگی کو یکھتے ہوئے محمد نواز ٹیم کیلئے بہترین آپشن تھے، ان کی فٹنس اور کارکردگی اچھی جارہی ہے، عماد وسیم جلد فٹنس مسائل پر قابو پاکر سکواڈ میں واپسی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اوپنر شان مسعود کو مستقبل میں وائٹ بال کرکٹ سکواڈ میں واپسی کا عندیہ دیا ہے جبکہ وہ اس وقت انگلش کاؤنٹی ٹی20 بلاسٹ میں ڈربی شائر فالکنز کی قیادت کر رہے ہیں۔ویسٹ انڈیز کیخلاف اعلان کردہ قومی سکواڈ میںبابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 8، 10 اور 12 جون کو راولپنڈی میں 3 ون ڈے کھیلے جائیں گے جبکہ کیریبیئن ٹیم 5جون کو وطن پہنچے گی۔پاکستان ٹیم کا ٹریننگ کیمپ یکم جون سے لاہور میں شروع ہوگا۔