بلوچستان بلدیاتی الیکشن : آزاد امیدوار آگے ، جے یو آئی کا دوسرا نمبر ، تصادم ، بم حملے 2 جاں بحق 

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا جبکہ 1584 امیدوار  بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس میں صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک پولنگ کا عمل جاری رہا اور وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق1222 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق جمیعت علماء اسلام کے 185 امیدوار، بلوچستان عوامی پارٹی کے 116، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے 80، بلوچستان نیشنل پارٹی کے 38 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں نیشنل پارٹی 52 ‘ پیپلز پارٹی 47 نشستیں، تحریک انصاف 17،  مسلم لیگ ن 16 ،پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) 5 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن اسلام آباد سیکرٹریٹ میں مانیٹرنگ کی گئی، جہاں 16 شکایات موصول ہوئیں  جن میں سے 13 کو حل کیا گیا جبکہ بقیہ 3 شکایات کے حل کرنے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔ تربت میں پولنگ دیر سے شروع ہونے پر شکایت موصول ہوئی، ضلعی دکی میں پولنگ میٹریل چھیننے کی شکایت ملی جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری کارروائی کا حکم دیا گیا تھا۔ نصیر آباد میں میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی کے پولنگ سٹیشنز میں لڑائی جھگڑا ہوا جس میں 3 امیدواروں سمیت 2 درجن سے زائد افراد زخمی  ہوگئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبے کے بعض علاقوں میں پر تشدد واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے موثر حکمت عملی کے ذریعے ہنگامی آرائی کرنے والوں سے نمٹیں، امن و امان بحال رکھنے کے لیے عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ عبدالقدوس بزنجو نے چاغی میں بلدیاتی الیکشن کے دوران تصادم میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ قلات کے علاقے منگچر جوہان کراس بازار کے قریب روڈ کنارے نصب بم دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوا، قلات میں ہی میونسپل کمیٹی انٹر کالج پولنگ سٹیشن پر دستی بم حملہ کیا گیا جس سے ڈیوٹی پر مامور دو لیویز اہلکار زخمی ہوئے۔ نوشکی میں یوسی 1 وارڈ نمبر 7 پدگ میں دو گروپوں میں معمولی تکرار پر فائرنگ سے زخمی شخص ہسپتال منتقلی کے وقت زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے چل بسا۔ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں پولنگ سٹیشن پر نامعلوم سمت سے 3 راکٹ فائر ہوئے جو پولنگ سٹیشن میں موجود لیویز چوکی کے قریب گرے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈیرہ بگٹی میں ضلع کوہلو یونین کونسل 6 وارڈ نمبر 2 مصری خان ماکوڑی میں لڑائی کے دوران 8 افراد زخمی ہوئے۔ جبکہ کوہلو میں مونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 1 کے فیمیل پولنگ سٹیشن میں ہاتھا پائی سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ لورالائی کے علاقے کلی زنگیوال پولنگ سٹیشن میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے سے ایک شخص زخمی ہوا۔ بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات‘مبینہ دھاندلی کی شکایات سامنے آئیں۔ دوران پولنگ سبی کی یونین کونسل مل چاچڑ کے وارڈ نمبر 4 میں دو گروپوں میں تصادم ‘ 10 افراد زخمی ‘ 3 کی حالت تشویشناک‘ اطلاع پرلیویز فورس پہنچ گئی‘چمن کی میونسپل کارپوریشن وارڈ نمر 8 میں خواتین پولنگ سٹیشن پر بیلٹ پیپرز کی کاپی باہر نکالنے پر پریزائیڈنگ افسر کے ساتھ پولنگ ایجنٹس لڑ پڑیں‘ امیدواروں کے 50 سے زائد حامیوں نے پولنگ سٹیشن پر دھاوا بول دیا ‘ پولنگ سٹیشن میدان جنگ بن گیا‘ہوائی فائرنگ ‘پولنگ سٹیشن کی کھڑکیاں‘ شیشے اور دروازے ٹوٹ گئے۔ پولنگ کے دوران سبی کی یونین کونسل مل چاچڑ کے وارڈ نمبر 4 میں دو گروپوں میں تصادم ہوا۔ جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔ جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ تصادم کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) نے خدرانی وکلی اسپائی پولنگ سٹیشن میں بیلٹ پیپر کی بک غائب ہونے کا الزام عائد کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن