اسلام آباد(نا مہ نگار) سینیٹ کا اجلاس دوروزہ وقفے کے بعد(آج )پیر کو دوبارہ ہو گا ،پاکستانی وفد کے دورہ اسرائیل پر اپوزیشن کی جانب سے بھرپورآواز اٹھانے کا امکان ہے، اجلاس میں’’کوڈ آف کریمنل پروسیجر(ترمیمی)بل‘‘ اور ’’ اینٹی ریپ (انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل)(ترمیمی)بل ‘‘ سمیت 15 نئے بل پیش کئے جائیں گے، جبکہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کے خلاف قرارداد پیش کی جائے گی ، ملک میں نشے کی عادت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بحث کرانے کی تحریک بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس (آج) سہ پہر چار بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا جس کی صدارت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کریں گے، سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کاایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مختلف نئے بل ایوان میں پیش کئے جائیں گے ، سینیٹر فوزیہ ارشد ’’کوڈ آف کریمنل پروسیجر(ترمیمی)بل2022‘‘ پیش کریں گی، سینیٹر محسن عزیر ’’ اینٹی ریپ (انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل)(ترمیمی)بل2022 ‘‘پیش کریںگے ۔ اجلاس میں سینیٹر روبینہ خالد اور سینیٹر بہرہ مند تنگی تحریک پیش کریں گے کہ ایوان ملک میں نشے کی عادت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بحث کرے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات تجویز کرے۔اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کے خلاف قرارداد بھی پیش کریں گے ۔