اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن کا شیڈول جاری نہ ہوسکا،تاحال عازمین کو حج پیکیج یا اخراجات کی تفصیل بھی تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے،جس کے باعث رواں سال حج آپریشن میں بدانتظامی کا شکار ہونے کا خدشہ ہے، عازمین حج بھی پریشانی کا شکار ہیں،سرکاری حج سکیم کے تحت حاجیوں کی قرعہ اندازی تو ہو چکی ہے لیکن عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن کا شیڈول جاری نہ ہوسکا۔ابتدائی حج فلائٹ آپریشن کل31مئی سے شروع ہونا ہے۔ وزارت مذہبی امور حج فلائٹ آپریشن سے متعلق پالیسی تاحال جاری نہیں ہوسکی، جس کے باعث عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن التوا کا شکار ہے۔اس کے علاوہ عازمین کو حج پیکیج یا اخراجات کی تفصیل بھی تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے، جبکہ سرکاری اور پرائیوٹ حج آپریٹر سے متعلق کوٹے پر بھی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حج شیڈول کے شروع ہونے میں تاخیر سے انتظامات میں بدانتظامی کا خدشہ ہے۔حج پالیسی کا اعلان عمومی طور پر حج شروع ہونے سے ایک ماہ قبل ہوجاتا ہے، تاہم نئی وفاقی وزارت مذہبی امور تاحال فیصلے کرنے سے قاصر ہے، جس پر پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائن انتظامیہ نے بھی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے قومی اسمبلی میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات ساڑھے چھ لاکھ روپے تک ہو نے کا امکان ہے لیکن تاحال حتمی طور پر اعلان نہیں کیا جاسکا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت فی حاجی کتنے اخراجات ہوں گے اور نہ ہی اس حوالے سے وزارت نے کوئی اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے عازمین حج پریشانی کا شکار ہیں۔