ایک ووٹ کی اکثریت‘ آئی ایم ایف کی خیرات والی حکومت کیسے چلے گی: شیخ رشید

May 30, 2022

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک ووٹ کی اکثریت‘ بیساکھیوں کا سہارا اور آئی ایم ایف کی خیرات پر یہ حکومت کیسے چلے گی۔ لال حویلی سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان گھر میں بھی بیٹھ جائے تو یہ گیارہ اتحادی پارٹیاں ایک مہینے بھی اکٹھی نہی چل سکتیں۔ مہنگائی کا جو طوفان آنے والا ہے اس پر حکومت عوام کے غیظ و غضب سے نہیں بچ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک وہاں پہنچ گیا ہے جہاں سیاسی پارٹیوں کے چلانے کا بس نہیں ہے۔ یہ نیب، اے این ایف اور ایف آئی اے میں اپنے افسر لگائیں گے‘ کیس ختم کروائیں گے اور گھر چلے جائیں گے۔ اگلے مہینے جب لوگ نکلیں گے تو وہ کسی کے کہنے پر بھی واپس نہیں جائیں گے کیونکہ ان کے گھر میں صرف بھوک ان کا انتظار کر رہی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایک ووٹ کی اکثریت کی گیارہ اتحادی پارٹیاں جتنا بھی زور لگا لیں دنیا کی کوئی طاقت ان کو گھر جانے سے نہیں روک سکتی۔ ان میں تباہ حال معیشت کو بچانے کی کوئی صلاحیت نہیں ہے اور آج بھی یہ مال بنانے، کیس بچانے اور گھر جانے کے لئے آئے ہیں۔

مزیدخبریں