اسلام آباد، مانسہرہ (خبرنگار خصوصی، نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرضوں کو اتنا بوجھ ہے کہ شاید ہماری نسلیں بھی یہ قرضے نہ اتار سکیں لیکن ہمیں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے، ہم نواز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کریں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو خیبر پی کے کو پنجاب بنائوں گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پشاور کو لاہور کی طرح ترقی دلانی ہے تو آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا، اس شخص سے نجات حاصل کرنا ہوگی جو انا پرست ہے، جو یوٹرن لیتا ہے، اس کے دور میں مہنگائی آسمانوں سے باتیں کرتی رہی، غربت میں اضافہ ہوا، ایک اینٹ نہیں لگائی، دو کروڑ نوکریاں دور کی بات ایک نوکری نہیں دی، لاکھوں لوگ بیروزگار ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلو کہ پاکستان کی تعمیر کرنے والا نواز شریف ہے یا عمران خان۔ انہوں نے کہا آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ زندگی لگا دوں گا اور آپ کو خوشحال بناؤں گا۔ مانسہرہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج سے ڈاکٹر بن کر عوام کی خدمت کریں گے۔ مانسہرہ اور گرد و نواح کے علاقوں کی ترقی اور گلی محلوں کے مسائل کے لیے ایک ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرتا ہوں، اسی طرح ہزارہ کے لیے علیحدہ الیکٹرک کمپنی کا مطالبہ کیا گیا ہے، میں یہاں ہزارہ کی الیکٹرک کمپنی کا اعلان کرتا ہوں جس کے آپ کو بے پناہ فوائد ملیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگلے بجٹ میں نوجوانوں کے لیے، بیٹے، بیٹیوں کے لیے فری لیپ ٹاپ مہیا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ ہزارہ موٹروے سے گزرتے ہیں اور نواز شریف کو دعائیں دیتے ہیں، میں جب ہزارہ موٹروے سے گزرا تو نواز شریف کو دعائیں دیں، ملتان۔ سکھر موٹروے کا 2016 میں آغاز کیا اور اس کی تعمیر اپنے دور میں مکمل کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو خوشحال اور ترقی سے ہمکنار کرانے کے لیے دن رات محنت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دل پر پتھر رکھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں لیکن 8 کروڑ لوگوں کو سبسڈی بھی دی، عمران خان نے آخری دنوں میں تیل کی قیمتیں کم کیں کیونکہ اس کو پتا تھا کہ وہ آئینی طریقے سے جارہا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ خیبرپی کے کی حکومت آٹے کو سستا کرتے ہیں تو ٹھیک ورنہ میں 10 کلو آٹے کی بوری پنجاب کی قیمت 490 روپے میں دوں گا، لیکن مجھے اب تک خیبر پی کے حکومت نے جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ آٹا سستا کریں، میں پھر کہہ رہا ہوں کہ کپڑے بیچوں گا لیکن آٹا سستا کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرضوں کا اتنا بوجھ ہے کہ شاید ہماری نسلیں بھی یہ قرضے نہ اتار سکیں۔ لیکن ہمیں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے۔ ہم نوازشریف کی قیادت میں دن رات محنت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہوں نے ترقی دینے ولے نوازشریف اور مجھے منتخب کرنا ہے یا یوٹرن منسٹر کو۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈٹ کر کھڑا ہونے کا دعویدار زرداری کے پائوں پڑ گیا، سپر پاور کو دھمکیاں دینے والا پشاور کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے۔ دو نمبر لیڈر کا بیانیہ، سازش اور مینڈیٹ سب دو نمبر، انقلاب ہیلی کاپٹر پر سوار ہوکر نہیں آتا، حقیقی آزادی کا شور مچا کر اسلام آباد آنے والے صبح سویرے فرار ہوگئے، جتنے مارچ کرنے ہیں کرلو، حکومت کو کچھ نہیں ہوگا، خیبر پی کے کے عوام نے انتشار اور فتنے پر مبنی لانگ مارچ مسترد کردیا، شہبازشریف عمران خان کے لگائے زخم بھر کر جائیں گے۔ مانسہرہ میںپاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مانسہرہ میں جلسے میں نہیں اپنے گھر آئی ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے دوسرے گھر میں خوش آمدید کہتی ہوں۔ ہزارہ، مانسہرہ نواز شریف کا تھا ہے اور رہے گا، ہزارہ موٹروے نواز شریف کی ہزارہ سے محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کمر میں تکلیف ہے، وہ مانسہرہ کی محبت میں گاڑی میں آئے ہیں، شہباز شریف میرے دوسرے والد ہیں، ان سے محبت ہے، شہباز شریف پاکستان کا حقیقی خدمت گار ہے، شہباز شریف نے پنجاب کی تقدیر بدلی، وہ پاکستان کی قسمت بھی بدل دیں گے۔ پنجاب کی طرح پاکستان کی قسمت بدلیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا عمران خان نے ناکام مارچ کیلئے خیبر پی کے کے وسائل استعمال کیے، عوام کا حق ناکام دھرنے کی نذر ہوگیا، جس ہیلی کاپٹر پر عمران خان دھرنے کیلئے آئے وہ خیبرپی کے حکومت کا تھا، عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کو دھرنے کیلئے استعمال کیا، دھرنے میں عوام نہیں آئے، کرینوں کی ضرورت نہیں پڑی، جب دھرنے کا وقت تھا تو یہ صبح صبح اسلام آباد سے غائب ہوگیا، قوم کے بچے مرنے کیلئے اور اس کے بچے لندن میں ٹھنڈی ہوائیں لے رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ عوام کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دے گی، انقلاب ہیلی کاپٹر کے ذریعے نہیں آیا کرتا، انقلاب یوٹرن لے کر بنی گالہ جانے سے نہیں آتا، آپ کو حکومت سے نکالا تھا بنی گالہ سے نہیں، گرفتاری کے ڈر سے کیوں چھپے بیٹھے ہو، آڈیو لیک ہوئی جس میں یہ دو نمبری کر رہا تھا، پاؤں پڑ رہا تھا، کہتے تھے ڈٹ کر کھڑا ہے کپتان، اصل میں پاؤں پکڑ رہا تھا کپتان، لانگ مارچ کی ناکامی پر اس نے نواز شریف کے پاس اپنے بندے بھیجے، نواز شریف نے کہا کسی کی دھونس میں نہیں آؤں گا، یہ اب سپریم کورٹ کی منتیں کر رہا ہے، منتوں کا لب لباب یہ ہے کہ سپریم کورٹ 20 لاکھ بندہ بھیج کر اس کا لانگ مارچ کامیاب کرائے، اس وقت پاکستان کے عوام کو شہباز شریف کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کا مینڈیٹ انقلاب اور خود عمران خان سب دو نمبر ہیں۔ انقلاب پیراشوٹ، ہیلی کاپٹر اور سرکاری گاڑیوں سے نہیں آتا۔ دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والی آڈیو ٹیپ عمران خان کی منافقت اور دوہرے معیار کو بے نقاب کرتی ہے، اپنے دعووں کے برعکس عمران نے خود کو اور اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد غیر ملکی سازش کی جعلی کہانی تیار کی، لیکن اب عمران خان کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے سالانہ انتخابات میں نومنتخب عہدیداروں کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ نومنتخب باڈی صحافیوں اور صحافت کی خدمت کی ذمہ داری میں سرخرو ہو، اس مقصد میں انہیں ہمارا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔ سی پی این ای کے تمام نو منتخب عہدیداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتے ہیں۔ اتحادی حکومت میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کا نہ صرف تحفظ کرنے میں یقین رکھتی بلکہ اس کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بلوچستان میں پرامن بلدیاتی انتخابات انتہائی حوصلہ افزا خبر ہے، اس سے ثابت ہوا ہے کہ صوبہ کے دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے عوام جمہوری نظام پر یقین رکھتے ہیں، محمد نوازشریف نے محنت اور لگن سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے محنت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کومانسہرہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ وزیراعظم نے ائیرپورٹ اور45 کلومیٹر طویل مانسہرہ مظفرآباد موٹروے منصوبوں سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، انجینئر امیر مقام، وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، مرتضیٰ جاوید عباسی، سابق وزیراعلیٰ مہتاب عباسی، سردار محمد یوسف اور مریم نواز سمیت ایم این ایز، ایم پی ایز اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے کہا اللہ تعالی نے موقع دیا تو وہ پشاور کو لاہور اور پورے خیبرپختونخوا کو پنجاب کی طرح ترقی کی راہ پرگامزن کریں گے۔ کل سے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں 10کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے میں یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں وہ لائق اور ذہین طلبا کیلئے فری لیپ ٹاپ دینے کا منصوبہ لائیں گے۔ مزید برآں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اقوام متحدہ کی امن سپاہ کے عالمی دن پر پاکستانی امن دستوں کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن کا قابل فخر فرض نبھانے والے اقوام متحدہ کے امن دستوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں سب سے زیادہ 2 لاکھ دستے فراہم کرنا پاکستان کی امن دوستی اور امن پسندی کا مظہر ہے۔ سیریز آف ٹویٹ میں وزیر اعطم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی امن سپاہ کی قربانیوں اور کاوشوں کا موجودہ سیکرٹری جنرل سمیت اقوام متحدہ کے ادارے اور عالمی سطح پر اعتراف اعزاز ہے، 1960 سے 2022 تک امن کارروائیوں کے دوران پاکستان کے169 بیٹوں نے شہادت کا عظیم مرتبہ پایا، ہم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔