کوئٹہ (اے پی پی ) وفاقی محتسب کے ایک اعلامیہ کے مطابق ظہور احمد نامی شہری نے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں درخواست دائر کی تھی کہ رقم کی ادائیگی کے باوجود واپڈا حکام ٹرانسفارمر لگانے کے لیے تیار نہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات ہیں۔یہ ٹرانسفارمر بینکنگ مقاصد کے لئے استعمال کیا جانا ہے اور ٹرانسفارمر نہ لگنے کی وجہ سے دفتری امور انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سائل نے واپڈا حکام سے بار بار رابطہ کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔بالآخر وفاقی محتسب کے دفتر میں شکایت درج کرنے کے بعد سائل کو فوری طور پر ریلیف فراہم کیا گیااور واپڈا حکام کو یہ احکامات جاری کئے گئے کہ فوری طور پر ٹرانسفارمر لگایا جائے۔وفاقی محتسب کی مداخلت کے بعد واپڈا حکام نے سائل کی درخواست پر ٹرانسفارمر نصب کر دیا۔جس کے نتیجے میں سائل ظہور احمد نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔