گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)کارپوریشن میں شہر بھر کے پارکنگ اسٹینڈز کا ٹھیکہ کلاتھ مارکیٹ بورڈ کے تاجروں کی طرف سے اوورچارجنگ کی شکایات اور احتجاج پر کینسل کردیا گیا بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز میٹروپولیٹن کارپوریشن آفس میں شہر بھر کے پارکنگ اسٹینڈز کے ٹھیکوں کی نیلامی کا عمل شروع ہوا ابھی بولیاں لگ ہی رہیں تھی کہ کلاتھ مارکیٹ بورڈ کے تاجروں میاں فضل الرحمن، شیخ شرجیل زاہد ،نائب صدر سی بلاک شیخ اویس طیب، صدر آصف مارکیٹ چوہدری فاروق ، جنرل سیکرٹری سلیمان ہائٹس شیخ ثاقب گلزار سمیت دیگر تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پارکنگ اسٹینڈز کی کامیاب بولی لینے والے ٹھیکیداروں سے حلف نامہ لیا جائے کہ طے شدہ ریٹس سے ہٹ کر اضافی چارجز نہیں کریں گے جس پر سی او کارپوریشن نے اتفاق کرتے ہوئے ٹھیکیداروں سے حلف ناموں کی شرط رکھی جس پر ہال میں موجود تمام ٹھیکیداروں نے شور شرابا شروع کردیا اور بولی لینے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے ٹھیکوں کی نیلامی کا عمل روک دیا گیا۔ اس موقع پر میاں فضل الرحمن شیخ شرجیل زاہد کا نے کہا اس سے قبل پارکنگ پلازہ کا ٹھیکہ ایک کروڑ 85لاکھ میں نیلام ہوا تھا قانونی طور پر اس سال ایک کروڑ 95 لاکھ روپے بنتا ہے جوکہ کلاتھ مارکیٹ بورڈ لینے کو تیار ہے۔ کلاتھ مارکیٹ بورڈ پارکنگ پلازہ کا ٹھیکہ سرکاری طور پر جاری کردہ شیڈول کے مطابق لے گی اور پارکنگ فیس تیس روپے کے حساب سے ہی وصول کی جائے گی انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پارکنگ پلازہ میں کچھ گھنٹے پارک کی گئی گاڑی کے مالک سے پہلے گھنٹے کا 100 روپے جبکہ اس کے بعد فی گھنٹہ 50 روپے کے حساب سے چارج کیا جاتا رہا جو کہ سراسر زیادتی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ چند ہزار روپوں کی شاپنگ کے لئے آئے شہری پارکنگ فیس گھنٹوں کے حساب سے نہیں دے سکتے۔