بہاول پور( نیوزرپورٹر)قائم مقام امیرجماعت اسلامی ضلع بہاول پورعرفان انجم اور نصراللہ ناصر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ قوم زبان سے زندہ رہتی ہے کیوں کہ یہ زبان ہی ہے جوقوم کی تاریخ وتہذیب اور تمدن کی نمائندہ ہے۔زبان کے بغیر قوم اندھی ، بہری اور گونگی بن کر ختم ہوجاتی ہے۔ اردوزبان قوم کاحقیقی اثاثہ اور سرمایہ ہے جوقوم کے عروج وزوال کا عکاس بھی ہے۔صوبہ پنجاب میں پہلی جماعت سے انگریزی کوذریعہ تعلیم کے طور پر نافذ کرنے کے فیصلے نے حصول تعلیم کی راہ میں ایک اور رکاوٹ کااضافہ کردیا ہے۔اس فیصلے کے جواز میں معصومانہ انداز سے یہی کہاگیا ہے کہ’’اس سے طبقاتی تعلیم کاخاتمہ ہوگا اور عام سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے نونہال بھی انگریزی میڈیم اور پرائیویٹ سکولوں کے طلبہ کے برابر کامقابلہ کرسکیں گے۔انگریزی کی اہمیت اور عالمی سطح پر پذیرائی سے کسی کوانکار نہیں مگر یہ نہ تو ہماری قومی زبان کانعم البدل ہے اور نہ اسے علاقائی اور قومی زبانوں کی جگہ ذریعہ تعلیم بناکر ترقی کی منزلیں طے کی جاسکتیں ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اردو ذریعہ تعلیم کوہرسطح پرنافذ کیاجائے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میںاردوکو عدالتی اور دفاتر کی زبان بنایاجائے۔